کراچی ایئر پورٹ سے جانے والی 10 پروازیں منسوخ

کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر ) کراچی ایئر پورٹ سے جانے والی 10 پروازیں منسوخ کردی گئیں ،شارع فیصل پر پھنسے مسافر راستہ دینے کے لیئے ہاتھ جوڑتے دکھائی دیئے ۔غیر ملکی پروازوں کے درجنوں مسافروں کی پروازیں چھوٹ گئیں ، فضائی کمپنیاں کم مسافروں کے ساتھ کراچی ایئر پورٹ سے روانہ ہوئیں
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شیڈولنگ ڈیپارٹمنٹ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایئرسیال کی شام 4 بجے لاہور جانے والی پرواز پی ایف 147، سیرین ایئر کی ساڑھے چار بجے مدینہ روانہ ہونے والی پرواز ای آر 911،سری لنکن ایئر لائن کی شام 5 بج کر 50 منٹ پر کولمبو جانے والی پرواز یو ایل 184 ،سیرین ایئر کی شام ساڑھے 6 بجے اسلام آباد جانے والی پرواز ای آر 504،ایئر بلیو کی شام چھ بج کر 10 منٹ پر دبئی جانے والی پرواز پی اے 110، امارات ایئر لائن کی رات سات بج کر 40 منٹ پر دبئی جانے والی پرواز ای کے 609،ایئر بلیو کی رات نو بجے لاہور جانے والی پرواز پی اے 406منسوخ کردی گئی ،
اسی طرح پی آئی اے کی رات نو بجے سے 11 بجے تک اسلام اسلام آؓباد ، مدینہ اور جدہ جانے والی پروازیں پی کے 370،843اور761 منسوخ کردی گئی ،
ایئر لائن ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی سے آپریشن میں مشکلات کے باعث پروازیں ری شیڈول کی گئیں اور مسافروں کو اس متعلق آگاہ کردیا گیا تھا ،
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے امت کو بتایا کہ پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ کی گئی ہیں جبکہ فضائی کمپنیوں کو اس متعلق پابند کیاگیا ہے کہ وہ شیڈول کی تبدیلی سے متعلق مسافروں کو آگاہ کریں ،
نرسری شارع فیصل پر ایئر پورٹ جانے کیلئے ایک مسافر خاندان کو تحریک انصاف کے کارکنوں کے سامنے ہاتھ جوڑتے دیکھا ، وہ ایئر پورٹ پہنچنے کیلئے دہائیاں دے رہا تھا ، مسافر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کوئی کارکن اس کی گاڑی کی چابی نکال کر لے گیا ہے ، وہ راستہ مانگنے کیلئے ایک ایک کارکن کے ہاتھ جوڑ رہا تھا ، ہوائی اڈے پہنچنے میں کامیاب ہونے والے مسافروں نے ہوائی اڈے کے عملے کو بتایا کہ وہ گلیوں سے گھوم گھوم کر تین گھنٹے بعد ہوائی اڈے پہنچے ہیں ۔