کراچی:میٹرک امتحانات میں 28امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں میٹرک امتحانات کےدوران 28 امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے
ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات جاری ہیں۔سیکریٹری بورڈسید محمد علی شائق اور ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ روزانہ مختلف امتحانی مراکز کے دورے کر رہے ہیں بورڈ آفس میں بنائے گئے شکایتی سیل میں آج تقریباً28 امیدوار وں کی شکایت درج ہوئی جونقل کا مواد، موبائل فون اور اصل امیدوار کی جگہ نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
بدھ کے روز ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے حیاتیات نظری (پرچہ اول) کے دوران میجر ضیاالدین گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد کا دورہ کیا۔بورڈ کی ویجلینس ٹیم نے الائیڈ سیکنڈری اسکول بلدیہ ٹاؤن سے ایک امیدوارکو پکڑا جو اصل امیدوارکی جگہ امتحان دے رہا تھا۔ اسی طرح دیگر ویجلینس ٹیم نے بلوچ بوائز گورنمنٹ اسکول لیاری سے 2امیدوار وں سے نقل کا مواد اور موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑا
ویجلینس ٹیم نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی سے 3 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ شام کی شفٹ میں بی ایف کبیرول لیاری سے 22امیدوار نقل اور موبائل کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
اس موقع پر ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے ایک بار پھر سختی سے تمام امیدواروں سے کہا کہ وہ نقل اور اپنی جگہ کسی اور فرد کو امتحان میں نہ بٹھائیں اس صورت میں ان پر دو سے تین سال کی پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔انہوں نے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں پینے کا صاف و ٹھنڈاپانی اور دیگر سہولتوں کا خاص خیال رکھیں۔