کراچی : لیاری کے 2 بلڈرز غیرقانونی تعمیرات کے سرغنہ بن گئے

کراچی(رپورٹ:حسام فاروقی)ڈسٹرکٹ ساﺅتھ کے علاقے لیاری میں جاری غیر قانونی تعمیرات میں راشد ناریجو کی ہدایت پر اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ اوپر سے آنے والے دباﺅ کو کم کرنے کے لئے کچھ نمائشی کارروائیاں بھی کی گئی ہیں-عمر مندرہ اور فاروق مندرہ نامی بلڈرز کی جانب سے راشد ناریجو کو علاقے کی صورتحال سے مکمل با خبر رکھا جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ بلڈروں سے رشوت جمع کرنے کی ذمہ داری بھی یہی افراد ادا کر رہے ہیں ، لیاری گینگ وار کے بیرون ملک مفرور دہشت گردوں سے بھی دونوں بلڈرز رابطے میں ہے، جبکہ اب ایس بی سی اے کی بیٹ جمع کرنے کی دوڑ میں طارق مندرہ اور نور شاہ بھی کود گئے ہیں اور یہ بھی لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ساﺅتھ کے علاقے لیاری میں سسٹم کے اہم کردارآصف رضوی ، راشد ناریجواور احسن خشک نے فاروق مندرہ اور عمر مندرہ پر دست شفقت رکھ دیا ہے جس کے بعد یہ افراد لیاری میں ہونے والی تمام غیر قانونی تعمیرات سے رشوت جمع کرکے آصف رضوی اورراشد ناریجو کو پہنچا رہے ہیں ، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد رشوت ستانی ساﺅتھ کے ڈائریکٹر کو بھی انہوں نے ماہانہ بنیاد پر رشوت فراہم کرنا شروع کر رکھی ہے جس کے وجہ سے اینٹی کرپشن کا محکمہ بھی ان افراد کے آگے بے بس دکھائی دیتا ہے ،اس کے ساتھ ساتھ ان بلڈروں نے راشد ناریجو کو علاقے کی صورتحال سے مکمل با خبر رکھا ہوا ہے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف چلنے والی خبروں کی وجہ سے آنے والے دباﺅ کو کم کرنے کے لئے مذکورہ علاقے میں کچھ نمائشی انہدامی کارروائیاں بھی انہیں دونوں بھائیوں کے کہنے پر راشد ناریجو نے کروائی ہیں جس میں ان کی جانب سے اپنے پلاٹوں کو تو بچا لیا گیا ہے جبکہ دوسرے بلڈروں کے پلاٹوں پر انہدامی کارروائی کروانے کے ساتھ ساتھ ان سے بھاری رشوت بھی ڈیمولیشن اسکوائڈ کو دلوائی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لیاری میں عرصہ کئی سال سے غیر قانونی تعمیرات کا جن مکمل طور پر بے قابو ہو چکا ہے ، جبکہ اب اس معاملے میں لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈروں نے گینگ وار کے ملک سے باہر فرار کرداروں کو بھی رابطے میں لے لیا ہے تاکہ علاقے میں رہنے والے لوگ ان کی غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف کسی بھی ادارے میں کوئی شکایت نا کریں ،جبکہ اس وقت لیاری کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے بادشاہ دو بھائی بنے ہوئے ہیں جس میں سے ایک کا نام فاروق مندرہ اور دوسرے کا نام عمر مندرہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ان دونوں بھائیوں نے لیاری کے مختلف علاقوں کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کر دیا ہے اور گلی گلی میں ان کی جانب سے خلاف ضابطہ بے ہنگم عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں ، ساﺅتھ میں تعینات ایس بی سی اے کے راشی ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو کی جانب سے ان دونوں بھائیوں کو غیر قانونی تعمیرات کرنے اور کروانے کی مکمل چھوٹ دی گئی ہے،اور ان کی سر پرستی کے بغیر کوئی بھی بلڈر لیاری میں تعمیراتی کام نہیں کر سکتا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ان دونوں بھائیوں نے لیاری گینگ وار کے ان کرداروں سے بھی مراسم قائم کررکھے ہیں جو کہ ملک سے فرار ہیں اور ان کی جانب سے لیاری گینگ وار کے اہم کرداروں کو ماہانہ بھتہ ادا کیا جا رہا ہے ، تاکہ ان دونوں بھائیو ں کو علاقے میں کسی بھی جانب سے کوئی پریشانی کا سامنا نا ہو، فاروق مندرہ اور عمر مندرہ اس وقت لیاری میں جن پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں ان میں ایک پلاٹ ، بہار کالونی کے اے روڈ پر واقع ہے جس کا پلاٹ نمبر 10ہے اس پلاٹ پر ان بھائیوں نے ایس بی سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو کو 25لاکھ روپے رشوت ادا کرکے 8منزلہ عمارت بنا کسی نقشے کے تعمیر کر دی ہے جبکہ نیچے دکانیں بھی تعمیر کی گئی ہیں ، اسی طرح آگرہ تاج کالونی میں تاج مسجد روڈ پر ان بلڈر بھائیوں کی جانب سے نونا آرکیڈ کے نام سے ایک 8منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے یہ عمارت بھی بناءکسی نقشے یا متعلقہ ادارے کی اجازت کے تعمیر ہوئی ہے اور اس غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارت میں بلڈر کی جانب سے مہنگے داموں فلیٹ سادہ لوح افراد کو بے وقوف بنا کر فروخت کئے گئے ہیں ، نونا آرکیڈ گلی نمبر 9Gمیں قائم ہے ، اسی طرح آگرہ تاج کالونی میں نورانی مسجد روڈ پر گلی نمبر 2Hمیں پلاٹ نمبر332/5پر بھی ان بلڈروں نے 8منزلہ خلاف ضابطہ عمارت کو تعمیر کیا ہے جس کی مد میں ان کی جانب سے راشد ناریجو کو 35لاکھ روپے رشوت ادا کی گئی ہے ،اس وقت ان بھائیوں نے اپنی کپڑے کی دکان جو کہ حنیف منزل پر واقعہ ہے کو رشوت کی رقم کے لین دین کا مرکز بنارکھا ہے ، جبکہ اب اس کھیل میں ان دونوں بھائیوں کا ایک کزن طارق مندرہ اور نورشاہ نامی بلڈر بھی کود پڑے ہیں جنہوں نے کچھ روز قبل راشد ناریجو کے ساتھ کافی لمبی بیٹھک کی ہے جس میں انہوں نے لیاری کے کچھ علاقے راشد ناریجو سے ٹھیکے پر لئے ہیں ،

ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق مندرہ کی جانب سے مرزا آدم خان روڈ لیاری ایکسپریس وے کے قریب گلی نمبر 18کے پلاٹ نمبر 2266پر بناءکسی نقشے کے آٹھ منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے جس کی مد میں طارق مندرہ نے راشد ناریجو کو 15لاکھ روپے رشوت ادا کی ہے ، اسی طرح اس علاقے میں دو پلاٹوں 2263اور2264کو ملا کر بھی ان بلڈروں کی جانب سے مکمل طور پر غیر قانونی عمارت کو تعمیر کیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر مندرہ اور فاروق مندرہ کی جانب سے جس شخص کے پلاٹ پر غیر قانونی طور پر عمارت تعمیر کی گئی ہے معزز عدالت یا کسی بھی متعلقہ ادارے کی جانب سے کارروائی ہونے کی صورت میں وہاں فلیٹ اور دکانیں خریدنے والے افراد پلاٹ کے مالک کو پکڑیں گے اور مقدمات کا سامنا بھی پلاٹ مالک کو کرنا پڑے گا جو کہ ان بلڈروں کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات میں برابر کا شریک بتایا جاتا ہے ۔