انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر 13سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا، فائل فوٹو
انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر 13سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا، فائل فوٹو

الیکشن کمیشن : میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 15 جون کو ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیاہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کےمطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 15 جون کو ہوگا۔سندھ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن اور میونسپل کمیٹیز، ڈسٹرکٹ کونسل میں نشستیں پُر کرنے کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔متعلقہ کونسلز، کمیٹی، کارپوریشن کے ممبران میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کےلیے کاغذات نامزدگی 9 سے 10 جون کو جمع ہوں گے۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون کو ہوگی۔ اپیل 12 جون تک دائر ہوسکے گی۔ٹریبونلز اپیل پر 13 جون تک فیصلہ کریں گے۔ کاغذات نامزدگی 14 جون تک واپس لیے جا سکیں گے۔ میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخاب کے لیے پولنگ ولنگ صبح 8سے شام 5بجے تک 15 جون کو ہوگی۔سندھ میں 2021 کے بلدیاتی قانون کے مطابق کراچی میں سات اضلاع کو مزید 26 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ان 26 ٹاؤنز میں مجموعی طور پر 246 یونین کمیٹیاں (یو سیز) ہیں جن میں چیئرمین، نائب چیئرمین اور جنرل کونسلرزہیں ان میں سے براہِ راست منتخب ہونے والے یوسی چیئرمین کے ایم سی کی سٹی کونسل کے رکن ہیں۔کے ایم سی میں پارٹی کی نمائندگی کے تناسب سے خواتین کی 81، مزدوروں کی 12، نوجوانوں کی 12، اقلیتوں کی 12، ٹرانسجینڈر اور خصوصی ضروریات کے حامل ارکان کے لیے دو دو نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔اس طرح 121 مخصوص نشستوں کے ساتھ کے ایم سی کے ارکان کی مجموعی تعداد 367 ہوگی جو میئر کا انتخاب کریں گے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن 26 ٹاؤنز اور 223 یونین کمیٹیوں پر مشتمل ہے۔