کراچی : مختلف علاقوں میں رات سے فجر تک بجلی بند رہنے کا نیاسلسلہ شروع

کراچی(امت نیوز)کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں نصف شب کے بعد علی الصبح فجرتک کے اوقات میں بجلی بند کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،دن بھر8 گھنٹے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ نصف شب کے بعد دوگھنٹے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔کورنگی سیکٹر31 اے،شاہ فیصل کالونی، لانڈھی،ملیر،گلستان جوہرسمیت کراچی کے مختلف علاقوں کے صارفین کا کہنا ہے کہ گذشتہ دوروز سے کے الیکٹرک نے نصف شب کے بعد بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

نصف شب کے بعد رات ڈیڑھ بجے سے ڈھائی بجے اورفجرکے وقت 5 بجے سے صبح ساڑھے کے چھ کے درمیان بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے تین مرتبہ نصف گھنٹہ اوربعض علاقوں میں ایک، ایک گھنٹہ بجلی کی سپلائی منقطع کی جارہی ہے جس کے باعث رات میں گرمی اورلوڈ شیڈنگ کی وجہ سے رات بسرکرنا دشوارہوگیا ہے۔کورنگی کے مختلف علاقوں کے صارفین کے مطابق نصف شب کے بعد رات 3 بجے سے 5 بجے اور علی الصبح فجر کے وقت ایک، ایک گھنٹہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ کورنگی کے بیشترعلاقوں میں سوفیصد بلنگ کے باوجود دن کے وقت مختلف اوقات میں 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

صارفین نے سوفیصد بلنگ والے علاقوں میں بجلی چوری دیگرحیلوں بہانوں کے نام پربجلی کی بندش کو بجلی کی پیداوار میں کے الیکٹرک کی ناکامی کوچھپانے کی دانستہ کوشش قراردیا ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی من مانیوں اور صارفین کی حق تلفی پر عوامی نمائندے صارف عدالتیں حکومتی ادارے صورتحال کا نوٹس لیں کراچی کے مختلف علاقوں میں نصف شب کے بعد لوڈ شیڈنگ کا متعلقہ اداروں نے تاحال نوٹس نہیں لیاہے اورمتعلقہ وزارتوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارت پانی و بجلی کی طرف سے رات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکام کی کراچی میں کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔