ایک ملازم محسن کا بازو فریکچر ہو گیا،فائل فوٹو
ایک ملازم محسن کا بازو فریکچر ہو گیا،فائل فوٹو

شیخ رشید کا گھر پر چھاپے، توڑ پھوڑ، ملازمین پر تشدد کا دعویٰ

راولپنڈی: پولیس کا شیخ رشید احمد کے گھر پر چھاپہ، تین ملازمین پر مبینہ تشدد ، دو بلٹ پروف گاڑی ، لائنسی گن اور دیگر سامان ساتھ لے گئے ۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد  نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پرالزام عائد کیا ہے کہ مورخہ 2023-05-31 کو رات تین بجے ایس ایچ او کو ہسار شفقت ، ڈی ایس پی ، ایس پی ، پولیس اہلکار ، رینجرز اور سفید کپڑوں میں ملبوس  70 سے 80 افراد گیٹ توڑ کر میرے گھر میں داخل ہو گئے گھر میں توڑ پھوڑ کی تلاشی لی اور میرے بارے میں دریافت کرتے رہے، میں گھر میں اسی کریک ڈاؤن کی وجہ سے موجود نہیں تھا۔

انہوں نے گھر میں موجود میرے ملازمین محسن اور نذرمحمد اور اشفاق احمد  کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے محسن کا بازو فریکچر ہو گیا اور اشفاق کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ، مذکورہ افراد میرے گھر سے میری ملکیتی دو عدد بلٹ پروف گاڑیاں، ایک لائنسی گن اور دیگر قیمتی اشیا بھی زبردستی چھین کر لے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  میرے خلاف کوئی مقدمہ نہیں۔ قبل ازیں میرے خلاف جو جھوٹے مقدمے بنائے گئے تھے ان میں میری ضمانت ہو چکی ہے مگر اس کے با وجود رانا ثناء اللہ و حکومت کے حکم پر میرے گھروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں ، میری جان کو بھی خطرہ ہے اس کے لئے بندوں کو ہائر کیا گیا ہے۔

شیخ رشید نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ بالا پولیس افسران، اہلکاراں اور دیگر ذمے دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور ان کےخلاف سخت کارروائی کی جائے۔