کراچی (اسٹاف رپورٹر)انڈس موٹر کمپنی نے پاکستان میں تیار کردہ پہلی ٹویوٹا ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل وزیر اعظم پاکستان کے سامنے پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق انڈس موٹر کمپنی کے وائس چیئرمین شنجی یاناگی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر علی اصغر جمالی پر مشتمل وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعظم کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان میں تیار کردہ پہلی ٹویوٹا کرولا کراس ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل معائنے کے لیے پیش کی۔اس موقع پر جاپان کے پاکستان میں سفیر ہز ایکسلنسی مٹسوشیرو واڈا اور ٹویوٹا ایشیاء کے صدر یوشیکی کونیشی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدودم مرتضیٰ محمود بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کردہ ہائی برڈ ایس یو وی کو پاکستان میں متعارف کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کی کوششوں کو بڑھانے اور ایکسپورٹ پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم پاکستان نے آٹو انڈسٹری کی ترقی کے پروگرام اے آئی ڈی پی 2021-26 کے تحت ہائی برڈ الیکٹرک وہیکلز کے لیے دی جانے والی مراعات کو برقرار رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی کرولا کراس ہائی برڈ کی مقامی سطح پر تیاری کو سراہتے ہوئے اسے ملک میں تجاتی اور ماحولیاتی لحاظ سے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ ٹویوٹا ایشیاء کے صدر یوشیکی کونیشی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کی سپورٹ سے ٹویوٹا گزشتہ تین دہائیوں سے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کررہا ہے۔ کرولا ایک ایسی پراڈکٹ ہے جو میرے دل کے قریب ہے اور ٹویوٹا کے ویژن ”موبلیٹی فار آل“ کے عین مطابق پاکستان میں عوامی کار کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ نئی کرولا کراس ایچ ای وی کے ذریعے پاکستان میں متعارف کرائی جانے والی ایچ ای وی ٹیکنالوجی گاڑیوں کو بجلی سے چلانے کا ایک دیرپا حل فراہم کریگی جسے بڑے پیمانے پر فروغ دیا جاسکے گا کیونکہ اس ٹیکنالوجی میں چھوٹی بیٹری استعمال ہوتی ہے اور کسی اضافی انفرااسٹرکچر کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ مختلف ملکوں میں کی جانے والی بیرونی ایجنسیوں کے تحت کی جانے والی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی فضاء میں کاربن گیسز کے اخراج میں کمی کا ذریعہ بننے کے ساتھ ایندھن کے خر چ میں بھی 30سے 50فیصد تک کمی کا سبب بنتی ہے۔
کرولا کراس ایچ ای وی پاکستان کے قومی مفادات سے بھی مطابقت رکھتی ہے جن میں سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع بڑھانا اور اگلی نسل کی آٹو انڈسٹری کے لیے پاکستان میں الیکٹریفکیشن کو فروغ دینا شامل ہیں۔ ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی پاکستان میں خام تیل کی درآمد میں کمی لانے، کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور زرمبادلہ کی بچت کے لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہے۔ پوری امید ہے کہ ہمیں موجودہ حکومت کی سپورٹ حاصل رہیگی جیسا کہ اے آئی ڈی پی 2021-26میں شامل ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز کے لیے دی جانے والی مراعات۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرولا کراس ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل پاکستانی عوام کے دل جیتنے میں کامیاب رہیگی۔ ہز ایکسلنسی مٹسوشیرو واڈا نے کہا کہ جاپان کا سفارتخانہ ہائبرڈ میں سرمایہ کاری کے فیصلے پر تین سال سے بھی کم عرصہ میں عمل درآمد پر بہت مسرور ہے۔ اس اقدام سے یقینی طور پر پاکستان اور جاپان کے مابین 7دہائیوں پر مشتمل سفارتی تعلقات کے ساتھ معاشی تعلقات بھی مزید بہتر ہوں گے۔