کے الیکٹرک صارفین کےلئے بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنائے،گورنرسندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں بہتری اور عوام کو ضروری ریلیف فراہم کرنے کے لیے توانائی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے درآمد شدہ ایندھن کا استعمال نہ صرف معیشت پر بہت زیادہ بوجھ ڈالتا ہے بلکہ ماحول کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں توانائی کے متبادل اور قابل تجدید ذرائع پر انحصار کو بڑھایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے توانائی اور ماحول کے بارے میں منعقدہ سیمینار میں شرکت کے دوران کیا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے ہوا، شمسی اور پن بجلی کے وسائل اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان خصوصاً سندھ میں قابل تجدید توانائی کے وسیع مواقع موجود ہیں،صوبہ سندھ کی ہوائی راہداری ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، توانائی کے بحران پر کم سے کم وقت میں قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر متبادل توانائی کے منصوبے بھی ضروری ہیں،سندھ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں خصوصاً کے الیکٹرک اپنے صارفین کے لیے بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنائیں، کیونکہ بجلی کے بحران کے نتیجے میں امن و امان کی سنگین صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سندھ میں توانائی سے متعلق ادارے زیادہ سے زیادہ کارکردگی کے ساتھ عوام کی بہترین ممکنہ خدمت کریں تاکہ بجلی کے صارفین کو استحصال اور ناانصافی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گورنر سندھ کا دفتر عوام کی ایسی شکایات کی وصولی کے لیے ہمیشہ کھلا ہے ، اور ہم نے اس مقصد کے لیے ایک کال سینٹر بھی قائم کیا ہے، جس کا نمبر 1366 ہے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ادارہ یادگار غالب لائبریری کے گیارہ رکنی وفد نے گور نر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قارئین کی معلومات میں اضافے میں لائبریریوں کے کردار، ان میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ لائبریریاں معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں، خصوصاً طالب علم کے لئے لائبریریاں علم کے ذخیرہ کی حیثیت رکھتی ہیں، غالب لائبریری شہر کی اہم ترین لائبریریوں میں سے ایک ہے،غالب لائبریری کے مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کروں گا،اسے ایک عظیم الشان لائبریری بنائیں گے۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے مقامی اسپتال میں سابق چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ پاکستان ڈاکٹر آغا رفیق احمد خان کی عیادت کی۔ گورنر سندھ نے آغا رفیق احمد خان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔