کراچی: سہراب گوٹھ میں مقابلہ، پولیس اہلکاروں کا قاتل مارا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلے کے دوران ملزم مارا گیا، ملزم نے 2 روز قبل 2 اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم شرابو خان قتل، ڈکیتی اور اقدام قتل سمیت کئی وارداتوں میں مطلوب تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق انڈس پلازہ کے قریب پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے ملزم مارا گیا، کرمنل ریکارڈ جمع کیا جارہا ہے، ملزم پہلے بھی گرفتار ہوچکا۔ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

واضح رہے ہفتے کو سہراب گوٹھ میں ملزم نے فائرنگ کرکے اہلکار حکیم اور رحمت کو شہید کیا تھا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔