کراچی: نومنتخب میئر،ڈپٹی کی تقریب حلف برداری آج ہوگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے کراچی میں نو منتخب میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان مراد کی تقریب حلف برداری آج پولو گراونڈ میں ہوگی۔ الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان حلف لیں گے۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد سمیت سندھ بھر میں 15 جون کو منتخب ہونے والے 6 مختلف کیٹگریوں کے 247 بلدیاتی اداروں کے نومنتخب میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور وائس چیئرمین کی حلف برداری آج 19جون کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک مختلف مقامات پر ہوگی ، بیشتر تقریبات ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں رکھی گئی ہیں۔

نومنتخب میئر اور مئیر کراچی کی حلف برداری کی تقریب شام 5 گلشن جناح پولو گرائونڈ میں ہوگی اور الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان میئر اور ڈپٹی میئر کراچی سے حلف لیں گے، جبکہ 25 ٹائون چیئرمین اور وائس چئیرمین کی تقریب حلف برداری ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں مختلف اواقات میں رکھی گئی ہے۔

تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد شاہ اور دیگر حکام اور عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ سندھ میں کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی )، 5میونسپل کارپوریشن ، 45ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ، 36میونسپل کمیٹیاں ، 143ٹاؤن کمیٹیاں اور22 ضلع کونسلیں اور یہ مجموعی تعداد 252 بنتی ہے ۔