فائل فوٹو

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ:3 پروازیں بغیر کسٹم کارروائی کے روانہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایئرپورٹ سیکورٹی فورس اور کسٹم حکام کے درمیان تنازع کے باعث 3 پروازیں بغیر کسٹم کارروائی کے روانہ ہو گئیں۔کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ روز دبئی جانے والے مسافر سے مبینہ مار پیٹ کا معاملہ اے ایس ایف اور کسٹم حکام کے مابین کشیدگی کی وجہ بن گیا۔ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اے ایس ایف نے ایک مسافر کا سامان مشکوک قرار دے کر روک دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مسافر کو مارا پیٹا گیا اور ہتھکڑی لگا کر کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔تاہم کسٹم حکام نے مسافر کو سفرکی اجازت دی لیکن اس کی پرواز اڑ چکی تھی، مسافر کے سامان میں سی فوڈ، مچھلی اور جھینگا تھا۔ بعد ازاں مذکورہ مسافر نے ایئر پورٹ تھانے میں اے ایس ایف کے خلاف درخواست جمع کروادی۔کسٹم آفیسر نے واقعے کی رپورٹ اے ایس ایف کے متعلقہ حکام کو کردی تھی،پیرکی صبح مذکورہ کسٹم آفیسر ڈیوٹی پر آئے تو اے ایس ایف اہلکاروں نے لاؤنج میں انہیں داخلے سے روک دیا۔جس کے بعد کسٹم افسران نے احتجاجا کام بند کر دیا اور انٹرنیشنل لاؤنج سے باہر آ گئے۔

کسٹم اور اے ایس ایف کے درمیان اس تنازع کے دوران 3 پروازیں مبینہ طور پر بغیر کسٹم کارروائی کے روانہ ہو گئیں۔ ان میں ایک حج پرواز سعودی عرب اور دو پروازیں قطر اور شارجہ کے لیےروانہ ہوئیں۔تنازع کی وجہ سے کراچی ایئر پورٹ پر کسٹمز کاونٹر تقریبا 2 گھنٹے بند رہا۔