جامعہ کراچی کا ایم فل/ پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام برائے2023ء میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی کی اسکالرشپ35ہزار سے بڑھاکر50ہزار روپے کردی ہے، ملک میں یہ واحد ادارہ ہے جو ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ لینے والے تمام طالب علموں کو اسکالرشپ دیتا ہے۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق داخلے سے متعلق تفصیلات اور فارم جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں، جبکہ6ہزار روپے فیس برائے داخلہ کاروائی سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروائی جاسکتی ہے، متعلقہ رقم ناقابل واپسی ہوگی۔ داخلہ درخواستیں (اسکین کاپی) بشمول تمام ضروری کاغذات اور فیس ڈیپازٹ سلپ5جولائی تک جامعہ کراچی کے ایڈمیشن پورٹل پر آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہیں، کامیاب امیدواروں کو جامعہ کراچی کے بین الاقومی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی),جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت اُمیدوار نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، ٹیکسٹائل کیمسٹری، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن بشمول مالیکیولر اینڈ سیلولر حیاتیات، مالیکیولر جینیٹکس، مالیکیولر فارماکولوجی، نیرو فارماکولوجی، پیتھو فزیولوجی، کمپیوٹیشنل ڈرگ ڈسکوری، اسٹرکچرل بائیو لوجی، اسٹیم سیل ریسرچ اور مالیکیولر پیتھولوجی جیسے اہم شعبہ جات میں داخلہ لینے کے مجاز ہوں گے۔