ریڈلائن تعمیرات،واٹر بورڈ کی لائن متاثر،شرجیل میمن نے نوٹس لے لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن نے کراچی یونیورسٹی کے سامنے ریڈ لائن بس منصوبے کی تعمیرات کے دوران واٹر بورڈ کی پانی کی لائن متاثر ہونےکے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ٹرانس کراچی کے حکام کو واٹر بورڈ سے بھرپور تعاون اور مکمل معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی پوری کوشش ہونی چاہئے کہ شہریوں کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، واٹر بورڈ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔اس ضمن میں سی ای او ٹرانس کراچی طفیل احمد پلیجو اور جی ایم ٹرانس کراچی پیر سجاد نے واٹر بورڈ حکام کو پانی کی متاثرہ لائن کی مرمت کے حوالے سے بھرپور تعاون کا یقین دلادیا۔

ان لوگوں کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ حکام کے ساتھ متاثرہ لائن کا جائزہ لےکر لائن میں پانی کا رساؤ بند کردیا ہے، جبکہ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کو جلد از جلد مکمل کے لیے واٹر بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔ کراچی ریڈ لائن منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا جارہا ہے،،بس منصوبے کی تعمیرات کے دوران پانی کی تمام لائنوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔