کراچی : بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کےدفترکےباہربھگدڑ،20 خواتین بیہوش

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیماڑی کے پی ٹی گراﺅنڈ کے قریب بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کے باہر بھگدڑ مچنے سے 20 خواتین بیہوش ہوگئیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے متاثرہ خواتین کو اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر صحت نے بھگدڑ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی بی آئی ایس پی کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ کوئی پروگرام مقامی عمائدین کے بغیر نہ رکھا جائے۔علاقہ پولیس کے مطابق کے پی ٹی اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کیمپ لگا تھا جس کے باہر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔پولیس نے بتایاکہ اسکول کا گیٹ کھلا تو اندر جانے کے لئے بھگدڑ مچ گئی۔ایک متاثرہ خاتون نے بتایاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہمیں پیسے دینے کیلئے بلایا گیا تھا۔

ایس پی بلدیہ ٹاﺅن مغیز ہاشمی کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھگدڑ مچنے سے زخمی ہونے والی 20 خواتین کراچی کے سول اسپتال پہنچی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 16 خواتین زخمی اور بیہوش ہوئی تھیں، دیگر 4 خواتین زخمی خواتین کے ہمراہ طبی امداد کے لیے اسپتال گئی تھیں۔ایس پی بلدیہ ٹاﺅن نے بتایا کہ اسکول میں جگہ کم ہونے کے باعث وقفے وقفے سے لوگوں کو بھیجا جا رہا تھا، گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی، گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گیٹ کھلنے پر موجود اسکول کی ڈھلان کے باعث خواتین گر گئیں، جبکہ متعدد خواتین گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہوئیں۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادرپٹیل نے کے پی ٹی اسکول کیماڑی میں بی آئی ایس پی پروگرام میں بھگدڑ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی بی آئی ایس پی کو ہدایت کی ہے آئندہ کوئی پروگرام مقامی عمائدین کے بغیر نہ رکھاجائے۔انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کے علاوہ تمام خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف کی ادائیگی، جو شدید گرمی کے باعث گزشتہ 2 روز سے معطل تھی، وہ پیر کی صبح سے دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ان وظائف کی ادائیگیاں کل 28جون تک جاری رہیں گی۔یہ ادائیگیاں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران بند رہیں گی اور 3 جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔