ہمارے چیئرمینز نے صفائی، ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا،حافظ نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ افسوس کا مقام ہےکہ تاحال ٹاؤن و یوسی چیئرمینز کو چارج منتقل نہیں کیا گیا، عید پر صفائی اورستھرائی کے نظام میں رکاوٹیں ڈالی گئیں۔ سلیکٹڈ مئیر جواب دیں کہ پیپلز پارٹی وفاق اور صوبے میں شامل ہے، پھر کیوں چارج منتقل نہیں کیا جارہا، بلدیاتی اختیارات منتقل نہ کئے گئے تو مزاحمت کریں گے۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور احتجاج بھی کریں گے، عالمی سطح پر ایسی قانون سازی کی جائےکہ کوئی پیغمبر اور قرآن مجید کی بے حرمتی نہ کرسکے۔ رواں سال کراچی میں الخدمت کی قربانی کی کھالوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاون چیئرمینز نے اپنی مدد آپ صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا۔ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا.

90 فیصد شہری لوٹ مار کی واردات کی رپورٹ درج نہیں کرواتے۔وزیراعلیٰ بتائیں کہ کیسے شہر میں منشیات کے اڈے قائم ہیں۔ پولیس سرپرستی میں منشیات کے اڈے چل رہے ہیں۔ بلاول بتائیں اندرون سندھ کے عوام کیوں خوف زدہ ہیں۔ بچے اغواء ہوئے۔ ایک ہندو شہری نے یہاں تک کہا کہ میرے بیٹے کو بازیاب کروادیں، میں واپس انڈیا چلا جاؤں گا۔ یہ پیپلز پارٹی کا وڈیرہ شاہی مائنڈ سیٹ ہے، جس سے کوئی بھی محفوظ نہیں۔ بلاول پروجیکٹ بنانے والوں نے پروجیکٹ کو بدنام کروادیا۔