آئی جی سندھ اورایم ڈی واٹر بورڈ کو میری کوآرڈینیشن میں دیدیں،گورنرسندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی سندھ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کو میری ماتحتی میں دے دیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران گورنرسندھ نے کہاکہ آئی جی سندھ کو 4 دن کے لیے میری کوآرڈینیشن میں دے دیں، اس کے بعد اگر پانچویں دن کوئی بھی بڑا حادثہ یا اسٹریٹ کرائم ہوتا ہے تو اس کی پوری ذمے داری قبول کروں گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ کو میری کوآرڈینیشن میں دیں، انہیں با اختیار کردیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایک ایک ہائیڈرنٹ والا 20 سے 40 لاکھ روپے روز کما رہا ہے، وہ مافیاز بہت مضبوط ہیں جنہیں ہائیڈرنٹ کے لائسنس ملے ہوئے ہیں کراچی کو ہم پورے پاکستان کی معیشت کا مرکز کہتے ہیں، معیشت کے شہر میں بجلی مہنگی ہے، پانی ہے نہیں، گیس مل نہیں رہی ہے،یہ بڑا عجیب سا اور ظلم کا نظام ہے،جب تک کچھ چیزوں کی انڈر اسٹینڈنگ یا انڈرٹیکنگ نہ دیں کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید نہیں ہونی چاہئے

انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک والوں کو 20، 30 سال ہو گئے ہیں، ہر سال لوڈ شیڈنگ انتہا کو پہنچی ہوتی ہے، کے الیکٹرک والے اپنا اور عوام اپنا مؤقف دیتے ہیں، لیکن ہوتا وہی ہے جو یہ (کے الیکٹرک والے)چاہتے ہیں۔، کراچی میں اسٹریٹ کرائم انتہا پر ہے، گزشتہ 6 ماہ میں 40 سے زائد نوجوان بچے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔