پاکستانی نژاد کینیڈین کے قتل میں ملوث 2 ملزم گرفتار

کراچی : ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد کینیڈین کے قتل میں ملوث دونوں ملزمان گرفتار کرلیا۔ گزشتہ ماہ 26 جون کو کراچی کے علاقے پاپوش نگر ناظم آباد بورڈ آفس پر فائرنگ سے پاکستانی نژاد ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا تھا، تاہم ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ظہیر اور خلیل شامل ہیں، ایک ملزم سرجانی اور دوسرا ملزم منگھوپیر کا رہائشی ہے، دونوں نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول امین علوی بچوں کو شاپنگ کروانے کیلئے نکلے تھے، منی چینجر سے رقم تبدیل کروانے لیے اندر گئے، تو ملزمان سڑک کی دوسری جانب سے ان کی ریکی کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق مقتول امین علوی منی چینجر کے آفس سے نکلے اور انہوں نے گاڑی گھمائی تو ملزمان پیچھے لگ گئے، تاہم امین علوی گاڑی سے اتر کر شاپنگ کے لیے چلے گئے، اور جیسے ہی واپس آئے تو ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے انہیں گولی ماری اور فرار ہوگئے۔