کراچی،شاہراہوں پر چہرے شناخت کرنے والے کیمرے نصب

کراچی: سندھ پولیس نے کراچی کی اہم شاہراہوں پر چہرے شناخت کرنے والے کیمرے نصب کردیئے ہیں ۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق جرائم پیشہ افراد رش والی جگہ پر پولیس کو چکمہ دے بھی دیں تو کیمرے کی آنکھ انہیں دیکھ رہی ہے، چہرے شناخت کرنے والے یہ کیمرے ان کا چہرا پولیس کے پاس موجود کریمنل ریکارڈ سے میچ کریں گے اور الرٹ جاری کریں گے کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے میں مدد ملے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کے ٹول پلازوں پر فیشل ریکگنیشن کیمروں کے ساتھ ہی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پڑھنے والے کیمرے بھی نصب کردیئے گئے جس سے نہ صرف جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی شناخت ہوسکے گی بلکہ اگر کوئی مجرم شہر سے باہر جارہا ہو یا شہر میں آرہا ہو تب بھی پولیس کے پاس الرٹ میسج آجائے گا، جرائم پیشہ افراد چاہے کتنے ہی چالاک کیوں نہ ہوں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ ان کی سرکوبی کی جائے گی۔ واضح رہے سینٹرل پولیس ہیڈ آفس کراچی میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے بھی ان کیمروں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔