کراچی،رواں ہفتے 14 پولیس مقابلے،2 ڈاکو ہلاک،18 گرفتار،10زخمی

کراچی: ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں انسداد جرائم کے دوران گذشتہ ہفتے ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 14 مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 02 ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ 10زخمی ڈاکوؤں سمیت 18 ڈاکوؤں کو گرفتارکیا گیا، گرفتارملزمان سے 17 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 09 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جبکہ برآمدہ اسلحہ کو فارنزک کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔

پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ،ویسٹ اورساوتھ ذونزمیں چھاپوں کے دوران مجموعی طورپر591 سے زائد ملزمان کو گرفتارکیا۔پولیس کیجانب سے منشیات کیخلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 49 کلو 203 گرام چرس، ہیروئین اور آئس،کرسٹل برآمد کی گئی۔گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 107سے زائد مختلف اقسام کا غیرقانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لیا گیا۔

کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 59 موٹرسائیکلیں اور 02 گاڑیاں برآمد کر کے تحویل میں لی گئیں۔کراچی پولیس کیجانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہینگے۔