فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر لگانے کی تجویز زیرغور نہیں،میئرکراچی

کراچی: میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر لگانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے،نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر کو کرنا ہے، کے ایم سی کے ریٹائر ملازمین کے لیے ایک اعشاریہ چار ارب روپے کی فراہمی پر میں پیپلز پارٹی کی قیادت، وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ کا شکر گزار ہوں، یہ بات انہوں نے بھٹائی کالونی کورنگی روڈ میں نو تعمیر شدہ پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کورنگی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین نعیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان اور دیگر افسران اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے.

میئر کراچی نے کہاکہ ہم نے ضلع وسطی میں 100پارکس پروجیکٹ کے تحت 75پارکوں کی تزئین و آرائش کر کے شہریوں کے لیے کھول دئیے تھے، اب وہاں پانچ ٹاؤنز میں جماعت اسلامی کے چیئرمین ہیں وہ ان کی دیکھ بھال کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو اب یرغمال نہیں ہونے دیں گے،کراچی میں آپریشن کے ذریعے امن بحال ہوا ہے، ہر رنگ و نسل کے لوگوں کا یہ شہر ہے، اب ہمیں ترقی کی سیاست کرنی ہے اور ترقی کی جانب پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن سفر جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں نے ہمیشہ مشکل وقت دیکھا ہے، اس سے جیالے نہیں گھبراتے، انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف مقامات پر پانی فروخت ہو رہا تھا، ہم نے کنکشن منقطع کرنے شروع کیے تو عملے پر فائرنگ کی گئی، مافیا سے ٹکرانا آسان نہیں ہے، جو لوگ ہم پر چوری کا الزام لگاتے ہیں دراصل وہ خود چوری کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ جو شخص عوام کے ساتھ نہیں ہے اور شہر میں بینر لگا کر سیاست کرنا چاہتے ہیں ان کی سیاست اس طرح نہیں چلے گی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہر میں کام کیا ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں پہلی مرتبہ جیالا میئر اور جیالا ڈپٹی میئر منتخب ہوا ہے،کام کرنا ہماری اوّلین ترجیح ہے، آئیں تمام سیاسی جماعتیں مل کر شہر کی ترقی کے لیے کام کریں، انہوں نے کہا کہ کل جشن آزادی کے موقع پر ضلع غربی میں دو اورنئے منصوبے شہریوں کو دینے جا رہا ہوں، میئر کراچی نے کہا کہ بینرز کی سیاست کرنے والے جب جنجال گوٹھ میں فائرنگ ہوئی تو کیوں سامنے نہیں آئے، انہوں نے کہا کہ ہم جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منا رہے ہیں تاکہ ایک قوم کی حیثیت سے ہمارا امیج سب کے سامنے آئے،میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں کھیلوں کے مراکز بنائیں گے، میدان آباد کریں گے، پارکوں کی تزئین و آرائش کریں گے، انفراسٹرکچر کو بہتر کریں گے تاکہ اس شہر کے لوگوں ان کا حق دیا جا سکے.

اس موقع پر انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کی اور وہاں کے مقامی لوگوں کے ساتھ مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا، بعد ازاں انہوں نے بلال چورنگی انڈسٹریل ایریا میں چورنگی کی تزئین و آرائش اور شجر کاری مہم کا آغاز کیا،دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بلال چورنگی کی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور ہر یوسی میں ایک ہزار پودے لگانے کا عزم کیا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ دعوت اسلامی کا یہ نعرہ ’پودے لگائیں درخت بنائیں‘ انتہائی دلکش ہے اور ہمیں چاہئے کہ آنے والی نسلوں کے لیے کم سے کم ایک پودا ضرور لگائیں۔