رحم دل خاتون نے اپنے گھر کو ہمنگ برڈ اسپتال میں تبدیل کر دیا

میکسیکو سٹی:  73 سالہ خاتون نے اپنے گھر کو خوبصورت ہمنگ برڈ کے لیے پناہ گاہ اور ہسپتال کا درجہ دے دیا ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ 11 سال سے جاری ہے۔کیٹیا لوٹف ڈی اریڈا کا فلیٹ گزشتہ عشرے سے ہمنگ برڈ کی آماجگاہ ہے جو میکسیکو سٹی میں واقع ہے۔ لیکن آبادی کے پھیلاؤ اور بے ہنگم عمارتوں سے حساس پرندوں کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔ ہمنگ برڈ ہرپھول سے رس چوستے ہیں اور زردانوں کی منتقلی (پولی نیشن) میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 73 سالہ کیٹیا نے خود ہی پرندوں کی دیکھ بھال سیکھی ہے۔ وہ کئی بیمار ہمنگ برڈ کو تندرست کرچکی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پورے شہر میں ان کا اپارٹمنٹ ہمنگ برڈ کا ہسپتال کہلاتا ہے۔