پاکستان کل سے یواین امن مشن اجلاس کی میزبانی کرے گا

اسلام آباد: پاکستان کل 30 اگست سے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے آئندہ اجلاس کی تیاری کے2 روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا جس کا موضوع ”اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی“ ہے۔ جاپان اس اجلاس کا شریک میزبان ہے ،اجلاس پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی ادارےسی آئی پی ایس میں منعقد ہو رہا ہے جو دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو کورسز، ورکشاپس اور سیمینارز پیش کرتا ہے۔گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سےجاری بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اجلاس میں 156 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے پیس کیپنگ آپریشنز میں نمائندگی کرنے والے رکن ممالک کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے۔دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل ڈسکشن منعقد کی جائیں گی۔ پاکستان کا شمار اقوام متحدہ کی امن فوج کو سب سے زیادہ فوجی دینے والے ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان 1960 سے لے کر اب تک دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں دو لاکھ 30 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین اہلکاروں کا حصہ ڈال چکا ہے، پاکستان کے 172 امن فوجیوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال قربانیاں دیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے تیاری کے اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کےلئے اس کی مسلسل وابستگی کی نشاندہی کرتی ہے جس کا مقصد مختلف تنازعات والے علاقوں میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔