کراچی: موچکو میں کھلے مین ہول نے ایک اور بچی کی جان لے لی

کراچی : شہر میں کھلے گٹر نے ایک اور بچے کی جان لے لی جہاں مواچھ گوٹھ کے علاقے موچکو میں مین ہول نے کمسن بچی کی جان لے لی، جس کے بعد کراچی میں رواں مہینے مین ہول میں گر کر جاں بحق بچوں کی تعداد دو ہوگئی۔

موچکو پولیس کے ایس ایچ او شاہد چوہدری نے کہا کہ مواچھ گوٹھ کے علاقے غازی خان وارا میں 4 سالہ بچی کھلے گٹر میں گر گئی۔ پولیس افسر نے کہا کہ لڑکی اپنے گھر کے قریب کھیل رہی تھی کہ اسی دوران کھلے گٹر میں گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایدھی کارکنان نے ریسکیو آپریشن کر کے بچی کی لاش نکال لی جس کے بعد اسے ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے کہا کہ لڑکی کی شناخت عمرہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے اور اس کے اہل خانہ نے پولیس کارروائی سے منع کر دیا ہے۔

یہ حال ہی میں پیش آنے والا اس طرح کا دوسرا واقعہ جہاں دو ہفتے قبل میمن گوٹھ میں بھی ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر لقمہ اجل بن گیا تھا۔