کراچی : رواں ہفتے 20پولیس مقابلے،1 ڈاکو ہلاک،766ملزمان گرفتار

کراچی: ترجمان کراچی پولیس نے ہفتہ وارکارگردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ انسداد جرائم کے دوران ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 20 مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 24 زخمی ڈاکوؤں سمیت 41 ملزمان کو گرفتارکیا گیا، گرفتار ملزمان سے 31 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 19 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جبکہ برآمدہ اسلحہ کو فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ ذونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 766 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس کیجانب سے منشیات کیخلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 78 کلو 599 گرام چرس، ہیروئین اور 01 کلو 674 گرام آئس،کرسٹال برآمد کی گئی۔ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 127 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لیا گیا۔

کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 55 موٹرسائیکلیں اور 05 گاڑیاں برآمد کر کے تحویل میں لی گئیں۔کراچی پولیس کیجانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہینگے۔