کراچی : گلشن حدید،نجی اسکول میں خواتین اساتذہ سے زیادتی،پرنسپل گرفتار

کراچی :  گلشن حدید فیز 2 میں واقع نجی اسکول آئی جی ایم کے پرنسپل عرفان غفور میمن کی وڈیو وائرل ہوگئی۔ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ملزم عرفان غفور میمن کو گرفتار کر کے 24 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز برآمد کر لیں۔گرفتارملزم خواتین اساتذہ سے بلیک میلنگ،زیادتی و دیگر غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ملزم کے موبائل سے 25 سے زائد وڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں، گرفتار پرنسپل عرفان غفور میمن اپنے عملے اور ٹیچرز سے زیادتی کرتا تھا ۔اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول کے مالک پرنسپل عرفان غفور میمن کو گرفتار کر لیا گیا ہے،وہاں بچوں اور خواتین اساتذہ کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کی گئیں جو سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈ بھی کی گئیں جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

متاثرہ لیڈی ٹیچرز سے رابطے کےلیے ڈی ایس پی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہےجس میں خواتین پولیس افسران بھی شامل ہوں گی۔ ایس ایس پی حسن سردار نیازی کا مزید کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی وڈیوز برآمد کی گئی ہیں جن میں چار سے پانچ لیڈی ٹیچرز کی فوٹیجز موجود ہیں، مختلف زاویوں سے 24 سے زائد وڈیوز ہیں، یہ وڈیو بذات خود سب سے بڑی شہادت اوراعترافی بیان ہے جس کے ساتھ تفتیش آگے بڑھے گی۔جلد ہی مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس رفعت مختار نے ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی تفصیلات طلب کر لیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ غیر جانبدار، شفاف انکوائری یقینی بنا کر کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ادھرگلشن حدید کے اسکول پرنسپل کیخلاف زیادتی اسکینڈل کا محکمہ تعلیم نے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا۔محکمہ تعلیم نے ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ پولیس کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں ، جماعت اسلامی کے وفد نے بھی ملیرپولیس کو درخواست دی تھی۔ ملزم کو پکڑنے میں شہریوں نے مدد کی۔