شہدائے کربلا کا چہلم : کراچی سمیت ملک بھر میں ماتمی جلوس نکالے گئے

کراچی : نواسہ رسول ﷺ حضرت حسینؓ ابن علی ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایاگیا،کراچی سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے ماتمی جلوس اور تعزیئےسخت سیکورٹی میں نکالے گئے ۔کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوا اور کھارادرمیں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پرختم ہوا۔ قبل ازیں نشترپارک میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کربلا میں نواسہ رسول ﷺ سیدنا حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ ،سیرت رسولﷺ اور اہلبیت اطہار ؑ کے اصولوں کی پیروی کرے،محرم،صفر میں محسنین اسلام کا ذکر مسلمانوں کو اتحاد اور وحدت کی دعوت دیتا ہے ۔

بعد زاں مرکزی ماتمی جلوس علم و ذوالجناح بوتراب اسکاؤٹس ،حیدری اسکاؤٹس اور اسکاؤٹس رابطہ کونسل کی قیادت میں برآمد ہوا جو محفل شاہ خراسان نمائش چورنگی صدر ،ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر سے ہوتا ہوا خوجہ جامع مسجد کھارادر اورامام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا ۔جلوس کے شرکائ نے نمازظہرین امام بارگاہ علی رضا پر مولانا امیں شہیدی کی اقتدا میں ادا کی۔اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، جلوسوں کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا تھا، جلوسوں کی سکیورٹی پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات تھے،سی سی ٹی وی کی مدد سے جلوسوں کی سخت نگرانی کی گئی،جلوس کی گزرگاہ پرموجود دکانوں اور کاروباری مراکز کو سربمہر کردیا گیا تھا۔ جلوس کے راستہ میں پانی کی سبیلیں اور طبی کیمپ لگائے گئے تھے۔

ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر کراچی میں مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور قا ئم کردہ رینجرز کنٹرول روم کا دورہ کیا۔امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔