کراچی : انٹرمیڈیٹ سال دوم ہوم اکنامکس کے نتائج کا اعلان

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسرنسیم احمد میمن نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے ہوم اکنامکس گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا،ناظم امتحانات انٹربورڈ ظہیر الدین بھٹو نے نتائج کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ ہوم اکنامکس کے امتحانات میں پہلی پوزیشن رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ عائشہ عمران بنت محمد عمران رول نمبر 492007 نے 1200 میں سے 1051 نمبرز لیکرحاصل کی.

دوسری پوزیشن بھی اسی کالج کی دو طالبات فلزا جاوید بنت محمد جاوید اختررول نمبر 492065 اورہاجرہ عابد بنت عابد محمد نذیررول نمبر 492078 نے 1030 نمبرز لیکرجبکہ تیسری پوزیشن طوبیٰ عمران بنت عمران احمد خان رول نمبر 492184 نے 1000 نمبرز لیکرحاصل کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں 295 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 294 امیدوارامتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 178 کامیاب قرارپائے اس طرح کامیابی کا تناسب 60.54 فیصد رہا،ان امتحانات میں 11 طالبات اے ون گریڈ، 27 اے گریڈ، 57 بی گریڈ، 62 سی گریڈ اور 21 امیدوار ڈی گریڈ میں کامیاب ہوئیں،نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پربھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔