طلباء تنظیم کاوائس چانسلر داؤد انجینیئرنگ یونیورسٹی کی برطرفی کامطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر کی برطرفی کا مطالبہ کردیا ۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے اقدامات کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے شارع قائدین پر احتجاج کیا ۔ احتجاج میں جامعہ کے طلبا کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ احتجاج کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی بلال جمیل نے کی ، انہوں نے احتجاج سے خطاب میں کہا کہ طلبہ کو ان کے جمہوری اور آئینی حق سے محروم کرنا کسی صورت قبول نہیں۔ طلبہ کے داخلے بحال کیے جائیں، طلبا جامعہ داؤد میں جاری سیاسی وائس چانسلر کی فسطائیت اور تعلیم دشمن فیصلوں کے خلاف احتجاج کیلئے جمع ہوئے ہیں ۔ آج افسوس کا عالم یہ ہے کہ اِس ملک کا سرمایہ،مستقبل اور فخرِ پاکستان یعنی اپ طلبہ جن کو اِس وقت اپنی تعلیم میں مصروف ہونا چاہیئے تھا وہ آج اپنے بنیادی حقوق کے لئے سراپا احتجاج ہیں ،آپ طلبہ کا قصور یہ ہے کہ آپ سندھ کی جامعہ کے طالبِ علم ہیں اور سندھ حکومت حال یہ ہے کہ وہ تعلیم دشمن ایجینڈے پر گامزن ہیں ۔

پیپلز پارٹی کا حال یہ ہے کہ وہ سندھ بھر کی جامعات میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کررہے ہیں ،ہم اپنے مطالبات صاحبِ اقتدار طبقہ تک پہنچا چکے ہیں ،دورانِ احتجاج طلبہ نے شاہراہِ قائدین کو بھی بند کردیا گیا ، احتجاج سے خطاب میں نگران پروفیشنل زون وقاص رفیق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نااہل وائس چانسلر کو سیاسی بنیادوں پر جامعہ داؤد میں مسلط کردیا ہے ۔طلبہ کو علم دوست ماحول کرنے کے بجائے اُن کے لئے تعلیم دشمن فیصلے کئے جارہے ہیں ۔اسلامی جمعیت طلبہ اپنی تاریخ رکھتی ہے اور تاریخ کے ورق جمعیت کی ملک،تعلیم کے لئے خدمات کی متعرف ہیں ۔احتجاج میں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نے مطالبات رکھے جس میں کہا گیا کہ طلبہ کے داخلے فوری بحال کئے جائیں۔

طلبہ پر انتقامی کاروائ سے باز رہا جائے ،جامعہ داؤد کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اُس کے مقام کو بحال کیا جائے،ٹرانسپورٹ کے مسائل کو فوری حل کیاجائے ۔فیسوں میں اضافے کو فوری واپسی لیا جائے ۔سیاسی وائس چانسلر کو فوری برطرف کیا جائے ۔ آخر میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ مسائل حل نا ہوئے تو ہمارا اگلا پڑاؤ وزارتِ تعلیم اور وزیراعلی ہاؤس پر ہوگا ۔