دبئی میونسپل اتھارٹی نے پاکستانی گوشت پر پابندی عائد کردی

کراچی:  ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان سے سمندری راستے سے متحدہ عرب امارات کوبرآمدکیا جانے والے تازہ گوشت پر دبئی میونسپل اتھارٹی نے پابندی عائد کر دی ہے جس کی وجہ گوشت کا غیر معیاری معیاراور مبینہ طور پر ریفر کنٹینرز میں نصب ریفریجریشن سسٹم کے غیر فعال ہونے کی وجہ سامنے آئی ہے جس کی ذمہ دار شپنگ لائنز ہے۔ جبکہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ برآمد کنندگان نے شپنگ لائن کے خلاف ہر جانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے اس ناخوشگوار واقعے کی وجہ جاننے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی ہے جس میں متحدہ عرب امارات کی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات سے باضابطہ ملاقات کی درخواست کی گئی ہے تا کہ پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا جاسکے اور ان کے تحفظات کو جامع طور پر حل کیا جائے اور متحدہ عرب امارات کے حکام کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی اور پابندی ہٹانے کی درخواست کی جائے گی۔

ٹڈاپ معیار اور حفاظت کے بین الاقوامی معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان منصفانہ تجارتی تعلقات کو آسان بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ ٹی ڈی اے پی کے حکام نے کہا کہ ہم تعمیری بات چیت اور تعاون کے ذریعے اس مسئلے کا پر امن حل تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ متحدہ عرب امارات حکومت پاکستان کو تازہ گوشت برآمد کرنے کی دوبارہ اجازت دے گی۔ ٹی ڈی اے پی حکام نے کہا کہ ہم اس کیس کی بھر پور پیروی کریں گے اور امید ہے کہ یہ مسئلہ 10اکتوبر تک حل کر لیا جائے۔