اسٹاک مارکیٹ،سرمائے میں اضافہ،اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور سونا سستا

کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز بھی کاروباری سرگرمیاں اتار چڑھائو کا شکار رہیں اگرچہ کے ایس ای100انڈیکس 100سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 46300پوائنٹس سے کم ہو کر46200پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 8ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب روپے کے قریب جا پہنچا جبکہ43.29فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46500پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر گیا مگر مارکیٹ مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکی اور100 انڈیکس 116.02پوائنٹس لوز کر گیا جس کی وجہ سے 100انڈیکس 46393.68پوائنٹس سے گھٹ کر46277.66پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 66.91پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 16218.62پوائنٹس سے کم ہو کر19151.71پوائنٹس پر آگیا ۔

دریں اثناء منگل کو بھی انٹر بینک میں روپیہ مضبوط ہوا اورڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید 1.06 روپے بڑھ گئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر مزید 2 روپے گھٹ گیا۔ مختلف ویب سائٹ پر جاری کردہ غیرمصدقہ فی تولہ سونے کے ریٹ کے مطابق 24قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار800ہزار روپے گھٹ گئی اورفی تولہ قیمت 2لاکھ10ہزار 400 روپے کی سطح سے کم ہوکر2لاکھ 5ہزار 600 روپے رہ گئی-