کراچی لوڈشیڈنگ، شہریوں کا پارہ ہائی،مختلف علاقوں میں مظاہرے،دھرنا

کراچی:  کے الیکٹرک کی جانب سے دن بھر 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کےبعد نصف شب بھی 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملیر اور سعودآباد چورنگی پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے لکڑیاں اور ٹائر جلاکر ٹریفک معطل کردی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ آدھی رات کو بھی 2 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ادھر کورنگی، کے ڈی اے ایمپلائز،الواسع ٹاؤن کے مکینوں نے کے الیکٹرک کورنگی آفس جاکر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ بجلی چوروں کی مبینہ سرپرستی کرنے والے کے الیکٹرک اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ لیاقت آباد کے مکینوں نے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا اور مطالبہ کیا نصف شب کے بعد کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے نئے سلسلے کا نوٹس لیا جائے۔

علاوہ ازیں داؤد چورنگی فیوچر موڑلانڈھی کے مکین بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سڑکوں پرنکل آئے اور داؤد چورنگی پردھرنا دیا۔ قائدآباد میں مشتعل مظاہرین نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئےمین نیشنل ہائی وے کوبلاک کیا ،ملیر مندر کے مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا۔