کراچی انٹربورڈ،رجسٹریشن فارم جمع کرانےکی تاریخوں کااعلان

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے آرٹس پرائیویٹ اور کامرس پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں حصہ لینے کے اہل اور خواہشمند ایسے امیدواروں کیلئے 16اکتوبر 2023ء سے رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی تاریخوں کااعلان کردیا ہے جنہوں نے 2023ء میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی سے میٹرک کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ امپروومنٹ آف ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس، شارٹ سبجیکٹس، ری انرولمنٹ کےعلاوہ سائنس، کامرس اور آرٹس گروپس کے وہ ریگولر طلبہ بھی درج ذیل تاریخوں میں اپنے رجسٹریشن فارم جمع کرواسکتے ہیں جو انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شرکت کرناچاہتے ہیں مگر ان کے پاس امتحانات میں بیٹھنےکےمواقع ختم ہوچکے ہیں۔

طلبہ اپنے رجسٹریشن فارم بغیر لیٹ فیس کے 16اکتوبرسے 19جنوری 2024ء تک جمع کرواسکتے ہیں۔ ایسے طلبہ جو ناگزیر وجوہات کی بناء پر ان تاریخوں میں رجسٹریشن فارم نہیں جمع کرواسکیں وہ اپنے فارم 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 22جنوری 2024ء سے 15مارچ 2024ء تک اور 1000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 18مارچ سے اگلےاحکامات تک اپنے رجسٹریشن فارم جمع کرواسکتے ہیں۔ طلبہ انٹربورڈکی دی گئی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئےرجسٹریشن فارم اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سےڈاؤن لوڈکرکےمکمل طور پر بھرکر 17یا زیادہ گریڈ کے سرکاری افسر سے تصدیق کروائیں اور ضروری دستاویزات منسلک کرنے کے بعد UBLکی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں فیس جمع کروائیں گے۔