فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں ڈاکوؤں نے تین بہنوں کے اکلوتے بھائی کو مار ڈالا

کراچی: گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے تین بہنوں کے اکلوتے بھائی کو مار ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر نعمان ایونیو کے قریب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس  نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے جبکہ ریسکیو عملہ نے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ گھر پر اطلاع ملنے کے بعد مقتول کے اہلخانہ و رشتے دار بھی اسپتال پہنچ گئے۔

ایس ایچ او راجہ طارق نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 23 سالہ محمد سعد خان ولد انیس اجمل خان کے نام سے ہوئی جو نارتھ کراچی سیکٹر فائیو بی ون کا رہائشی تھا، ابتدئی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان مقتول کی موٹرسائیکل چھین رہےتھے جس پر اُس نے مزاحمت کی تو ملزمان نے گولی مارکر قتل کردیا۔ مقتول کے پاس موبائل فون موجود تھا جو کہ پولیس کو نہیں ملا، جس پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے  کہ ملزمان موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس کو جائے وقوع سے تیس بور پستول کا ایک خول ملا ہے، مقتول کے ایک رشتے دار نے اسپتال میں بتایا کہ سعد انیس خان  طالب علم  تھا اور بائیکیا بھی چلاتا تھا ماموں کے ساتھ بھی فیکٹری میں آوٹ ڈور کا کام کرتا تھا تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا کچھ عرصے بعد مقتول اور اسکی بہن کی شادی ہونے والی تھی۔