77 ارب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا ہے، فائل فوٹو
77 ارب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا ہے، فائل فوٹو

میئرکراچی مرتضیٰ وہاب ابراہیم حیدری کی یوسی سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ابراہیم حیدری کی یونین کونسل (یو سی) سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری اور ریٹرنگ افسر نے مرتضی وہاب کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

مرتضی وہاب ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یونین کونسل 8 سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے، یونین کونسل ابراہیم حیدری سے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد مرتضیٰ وہاب کی میئر کراچی کی سیٹ پکی ہوگئی۔مرتضیٰ وہاب کے چیئرمین یونین کونسل منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت براہ راست میئر یا چیئرمین ضلع کونسل بننے کی صورت میں امیدوار کو 6 ماہ میں یونین کونسل کا الیکشن لڑنا پڑتا ہے۔چیئرمین ضلع کونسل بننے کی صورت میں بھی امیدوار کو چھ ماہ میں یونین کونسل کا الیکشن لڑنا پڑے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری اور ریٹرنگ افسر نے مرتضیٰ وہاب کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا فارم 7 جاری کردیا۔دوسری جانب کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے مرتضیٰ وہاب کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔

پی ٹی آئی امیدواروں کی جانب سے یہ فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔کراچی کی یو سی 3 کیماڑی اور یو سی 8 ابراہیم حیدری کے پی ٹی آئی کے امیدواروں نے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا۔