پہلا سیمی فائنل آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا

لاہور (اُمت نیوز) ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل مرحلے کا آغاز آج سے ہو گا، پہلے سیمی فائنل میں میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی کے باعث میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم سیمی فائنل جیتنے کیلئے بھی پر اُمید ہے، دوسری جانب کیویز بھی ٹورنامنٹ میں انگلینڈ سمیت بڑی ٹیموں کو شکست دے چکے اور بھارت کا بھر پور مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔
پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، بھارت نے لیگ مرحلے میں نو میچز کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ نے بھی 9 میچز کھیل کر پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
لیگ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی، ورلڈ کپ 2019ء کے سیمی فائنل میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جہاں کیویز نے 18 رنز سے کامیابی حاصل کی، ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔