لاہور:ڈیفنس حادثہ کیس میں نیا موڑ،ملزم نے جان بوجھ کر گاڑی کو ٹکر ماری

لاہور: ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آ گئے، مقدمے میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل کر دی گئی، ذرائع کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کیساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائے بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی سپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے مگر ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا، وائے بلاک نالہ پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہاکہ میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفنس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، میکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی سپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی۔

دوسری جانب متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ پولیس تحقیقات میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔ دوسری جانب ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشورنے ناقص تفتیش پرتفتیشی سب انسپکٹر مرتضٰی اورتفتیشی افسرعمر دونوں کوعہدے سے ہٹادیا، مقدمے میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل کروا کر تفتیش ڈی ایس پی کاہنہ کو دے دی۔