بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ میں ملوث باپ،بیٹا،بہو گرفتار

کراچی: سائٹ پولیس نے بین الصوبائی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے باپ ، بیٹا اور بہو کو گرفتار کرلیا. ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے باوجود حب کے راستے سے کراچی لائی گئی 17 کلو چرس پولیس نے برآمد کرلی۔

ترجمان کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ میں گرفتار ملزمان کی شناخت دل مراد اس کے بیٹے سید جان اور بہو ثریا خاتون کے نام سے کی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار منشیات فروش خاندان تربت بلوچستان سے بذریعہ بس منشیات لیکر بلدیہ یوسف گوٹھ حب ریور روڈ پر قائم بس ٹرمینل پہنچا تھا اور وہاں سے بذریعہ رکشے میں سوار ہو کر ملیر کے علاقے میں منشیات پہنچانے جا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق سیمنز چورنگی کے قریب رکشا روک کر تلاشی لی تو اس میں اعلیٰ معیار چرس کے 20 پیکٹ برآمد ہوئے جس پر پولیس نے تینوں منشیات فروش باپ ، بیٹے اور بہو کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔