آل رائونڈر عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور: قومی ٹیم کے نامور آل راؤنڈر عماد وسیم نے حیران کن طور پر اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کے حوالے سے کافی سوچتا رہا ہوں اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا بالکل درست وقت ہے۔عماد نے گزرے سالوں کے دوران سپورٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز کی بات تھی اور 121 ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی سے میرا ملک کی نمائندگی کا خواب پورا ہو گیا۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا وقت ہے جو نئے کوچز اور قیادت کے سائے میں آگے کی جانب گامزن ہے، میں ان کی کامیابی کا خواہشمند اور ٹیم کی شاندار فتوحات دیکھنے کا منتظر ہوں۔عماد نے شائقین کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے مکمل حمایت کرنے پر اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اب میری نظریں انٹرنیشنل اسٹیج سے ہٹ کر اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے پر توجہ دینے پر مرکوز ہیں۔

عماد وسیم کے کیریئر کا آغاز 2006 میں ہوا تھا اور وہ انڈر19 ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن تھے اور 2008 کے اگلے انڈر19 ورلڈ کپ میں انہوں نے پاکستان کی قیادت کی تھی۔