اسلام آباد: اسکول بس کھائی میں گرگئی، ٹیچر جاں بحق 15 بچے زخمی

اسلام آباد : شاہدرہ پکنک پوائنٹ کے قریب اسکول کے بچوں کی بس کھائی میں گرنے سے ایک ٹیچر جاں بحق جبکہ 15 بچے زخمی ہوگئے. پولیس ذرائع کے مطابق شیخوپورہ کے نجی اسکول کے بچے سیر کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے تھے جب ان کی بس تفریحی مقام شاہدرہ پکنک پوائنٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ڈرئیور نے بس روڈ کی سائیڈ پر کھڑی کی اسی دوران گاڑی آہستہ آہستہ ریورس چلنا شروع ہوگئی اور روڈ سے نیچے کھائی میں جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

بس میں بچوں اور اساتذہ سمیت 39 افراد سوار تھے جبکہ حادثے میں 22 سالہ ٹیچر ہانیہ جاں بحق ہوگئی جبکہ 15 بچے زخمی ہوئے جنہیں پمز اور پولی کلینک منتقل کردیا گیا۔ پولی کلینک میں لائے گئے زخمی بچوں میں7 سالہ فاطمہ، 9 سال نور فاطمہ، 9 سالہ ابو بکراور 12 سالہ فیضان شامل ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بس نمبر ای ایل سی 5544 کو حادثہ ڈرئیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور اور کنٹریکٹر بھاگ گئے، بس ڈرائیور کی شناخت محمد ریاض کے نام سے ہوئی ہے جو شیخوپورہ کا رہائشی ہے جبکہ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔