ملک بھرمیں انسداد پولیو مہم کا آ ج سے آغاز، ٹیمیں تشکیل

اسلام آباد : ملک بھر میں 5روزہ انسداد پولیو مہم (آج) پیر سے شروع ہو گی ۔خیبرپختونخوا میں مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 74لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔بچوں کو قطرے پلانے کےلئے 31ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اسی طرح بلوچستان میں گھر گھر جا کر ویکسی نیشن مہم کےلئے گیارہ ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا سکیں۔پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداﷲ میں قطرے پلانے کی مہم جمعہ سے جاری ہے۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں 80ہزار سے زائد پولیو ورکرز پر مشتمل ٹیمیں گھر گھر جا کر صوبے کے30اضلاع میں 5 سال تک کی عمر کے ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائیں گی۔دریں اثناء چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ صحت کو تمام ریلوے اسٹیشنوں اور بس ٹرمینلز پر بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔پولیو ٹیمیں بس سٹاپوں، ریلوے سٹیشنوں، افغان مہاجرین کیمپوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی موجود ہوں گی تاکہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں پولیو مہم سات روز تک جاری رہے گی ،بقیہ اضلاع میں مہم پانچ روزہ ہو گی،مہم کے دوران 2 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے،2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہیں۔