کراچی : شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کےمعاملے میں 5 افراد زیرحراست

کراچی: شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کے معاملے میں 5 اہم افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق آر جے مال میں آگ لگنے کے سانحے میں بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے حادثے کے مبینہ ذمہ دار 5 اہم افراد کو حراست میں لے لیا گیا جس میں مال کی سیکیورٹی کا انچارج عابد شاہ شامل ہے۔علاوہ ازیں سافٹ ویئر ہاﺅس کے مالک عمران عدنان، انتظامی رکن سلطان اور فیضان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق زیرحراست افراد کو باقاعدہ گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ بلڈنگ میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، مال میں آگ لگنے کے بعد دھواں نکلنے تک کی جگہ نہیں تھی۔ زیرحراست افراد مبینہ طور پر سانحے کے ذمہ دار ہیں۔واضح رہے کہ تین روز قبل رات کے آخری پہر نجی مال میں آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں گیارہ افراد دم گھٹنے اور جل کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ادھر آر جے مال کے دکان داروں اور وہاں کام کرنے والے افراد نے بینرز لگا کر روزگار کی بحالی کا مطالبہ کیا۔