کراچی : فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی،پیرامیڈیکل اسٹاف کاوائٹ کوٹ مارچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈاکٹرز سمیت تمام پیرامیڈیکل اسٹاف کا وائٹ کوٹ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کا اس نوعیت کا احتجاج نہیں کیا گیا جس طرح آج ڈاکٹرز نے احتجاج کیا غزہ کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے،  6 دن کی جنگ بندی کے بعد پھر سے بمباری شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو حماس کے مجاہدین نے اسرائیل اور امریکا کے غرور کو خاک میں ملادیا ہے اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی کو شدید ضرب پہنچی جس کی وجہ سے وہ معصوم بچوں اور اسپتالوں پر بمباری کررہا ہے، حماس کے مجاہدین نے ایمان کی طاقت سے جدید ٹیکنالوجی کا مقابلہ کیا اور پوری دنیا کے باضمیر انسانوں کو جگا دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل قابل شکست ہے اور اسرائیل کو شکست ہوچکی ہے حماس کے مجاہدین اور القسام کے مجاہدین نے 7 اکتوبر کو اسرائیل کو واضح شکست سے دوچار کردیا تھا، اسرائیل شکست کھانے کے بعد ہزیمت کو مٹانے کے لیے بچوں اور اسپتالوں پر بمباری کررہا ہے،  62 دن گزرنے کے باوجود حماس کے مجاہدین سے مقابلہ نہیں کرسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ 75000 سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں، 18ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں، امریکا اور برطانیہ اسرائیل کی پشت بانی کررہے ہیں جس کی وجہ سے شکست خوردہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے عالم عرب کے ان شیوخ اور مسلم حکمرانوں کی طاقت کی وجہ سے اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے، امریکا خود دہشت گرد ملک ہے لاکھوں ریڈ انڈینز کی لاشوں پر وجود میں آنے والا حماس کو کیسے دہشت گرد کہہ سکتا ہے، امریکا اور برطانیہ اپنے عوام کو مزید خوف میں مبتلا کرنے کے لیے اپنے ہی عوام کو اسلام کے نام سے خوف زدہ کرنا چاہتے ہیں۔