ڈاؤ یونیورسٹی:اکیس سو بانوے طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض

کراچی:ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تیرہویں کانووکیشن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس ،فارم ڈی اور ڈی پی ٹی سمیت الائیڈ ہیلتھ سائنسز اکیس سو بانوے طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کردی گئیں کانووکیشن کا انعقاد اوجھا کیمپس کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا گیا تھا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کا شمار دنیا کی چھ سو بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے یہ ہم سب کی محنت کا نتیجہ ہے۔ طلبہ سے خطاب میں پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس گریجویشن کیلیے ڈاؤ یونیورسٹی طلبا و طالبات کی ہمیشہ سے ترجیح ہے۔ سیکھنے کا عمل مستقل مرحلہ ہے، یہ آپ کیلئے ایک جذباتی دن بھی ہے اور آپ کے خاندان کیلئے فخر و افتخار بھی ہے میرے لئے بھی یہ امیدوں سے بھرپور دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی تعلیم مکمل ہوگئی ہے اپنے تعلیمی شعبہ میں کمال حاصل کیجیئے ،ہماری کوشش رہی ہے کہ آپ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاص، برداشت سمیت دیگر اخلاقی اوصاف بھی سکھائے جائیں ۔اب دنیا آپ کے سامنے ہے آپ اپنے علم سے انسانیت کی خدمت کیجیئے۔

ڈاؤ یونیورسٹی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔یونیورسٹی میں جینومک سینٹر کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے جس کیلئے ڈاؤ کے المنائی اور وفاقی حکومت کا تعاون ہمیں حاصل رہا ۔اپریل دو ہزار چوبیس میں ڈاؤ کینسر سینٹر کام کا آغاز کردے گا جہاں تمام قسم کے کینسر کا جامع علاج ایک چھت تلے ممکن ہوسکےگا۔ اس موقع پر کانووکیشن کمیٹی کی چیئرپرسن صبا سہیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کو اپنی مادر علمی پر فخر ہونا چاہئے یہاں پر گزارے گئے برس اور ان کی تربیت آپ کو زندگی کے آئندہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی۔ ڈاؤ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق نے ایم بی بی ایس کے طلبہ و طالبات سے انسانیت کی بلاامتیاز رنگ ونسل خدمت کا حلف لیا اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین ،ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر صبا سہیل، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر زیبا حق، کنٹرولر اگزامنیشن ڈاکٹر فواد شیخ سمیت فیکلٹی ،طلبا وطالبات اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔گزشتہ برس سے میڈیسن کے شعبے کے مایہ ناز ڈاؤ میڈیکل کالج کے سابق پروفیسر محمد شفیع قریشی مرحوم کے نام سے موسوم بیسٹ گریجویٹ ایوارڈ ڈی ایم سی کی طالبہ زینت ہادی کو دیا گیا علاوہ ازیں ڈاؤ میڈیکل کالج سمیت یونیورسٹی کے چودہ انسٹی ٹیوٹ اور کالجز کے تین تین بیسٹ گریجویٹس کو بالترتیب گولڈ ،سلور،برونز میڈل دئیے کل 42 میڈل دئیے گئے جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی سے الحاق کرنے والے اداروں کے 50 طلبا وطالبات کو میڈلز دئیے گئے۔

2192 پاس آؤٹ طلبا میں ڈاؤ میڈیکل کالج کے 321 میڈیکل گریجویٹس، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے 143 میڈیکل گریجویٹس ، سندھ میڈیکل کالج کے 1 میڈیکل گریجویٹ،ڈاؤ ڈینٹل کالج کے 47 ، ڈاؤ انٹرنیشنل ڈینٹل کالج کے 52، ڈاکٹر عشرت العباد انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے 104 ڈینٹل گریجویٹس ، ڈاکٹر آف فارمیسی کے 137، ڈی پی ٹی (ڈاکٹر آف فیزیو تھراپی) کے 95، بی ایس اکوپیشنل تھراپی کے 29، بی ایس پی او کے 12،پی پی ڈی پی ٹی (ریپیٹر)کے 1، بی ایس میڈیکل ٹیکنالوجی کے 96، پوسٹ آر این بی ایس نرسنگ کے 496، بی ایس نرسنگ جینیرک کے 186، پوسٹ آر این بی ایس سی نرسنگ ریپیٹر کے 7، پوسٹ آر این بی ایس ایم کے 14، بی ایس ڈینٹل کیئر پروفیشنل کے 33، بی بی اے کے 116، بی ایس ریڈیولوجیکل ٹیکنالوجی کے 19، بی ایس نیوٹریشن کے 29، بی ایس بائیو ٹیکنالوجی کے 93، ایم فل کے 22, پی ایچ ڈی کے 3، ایم ڈی کے 1، ایم ایس کے 4، ڈی ڈرما کے 10, ڈی ایم آر ڈی کے 5، ایکو کارڈیو گرافی ڈپلومہ کے 6، ڈی ایم جے کے 3، ڈی ایل او کے 1 ڈی سی ایچ کے 2، ایم ایس سی ڈی ای کے 3، ایم ایس نرسنگ کے 9، ایم ایس پبلک ہیلتھ کے 1، ایم پی ایچ (پبلک ہیلتھ) کے 4، ایم ایس بی ای کے 5، ایم ایس ایڈوانس فیزیو تھراپی کے 5، ایم ایچ پی ای کے 12، ایم ڈی ایس (ڈینٹل سائنسز) کے 18، ایم ایس سی ڈی ایس کے 3 ایم بی اے کے 24 ای ایم بی اے کے 20 طلبہ وطالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔