کراچی : کوسٹر کی ٹکر سے موٹر سائیکلوں پر سوار 2 بھائیوں سمیت3 جاں بحق

 

کراچی: باغ کورنگی مزار کے قریب تیز رفتار کوسٹر نے بائیک سوارسگے بھائیوں کو کچل دیا،دونوں بھائی اور 34 سالہ افضل علی موقع پرجاں بحق جبکہ کوسٹرکی ٹکرسے2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔بدھ کی صبح باغ کورنگی میں مزارکے قریب تیزرفتارکوسٹرکی ٹکرسے دوالگ الگ موٹرسائیکلز پرسوار افراد شدید زخمی ہوگئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک موٹرسائیکل پرسواردوسگے بھائی کوسٹرتلے کچلے گئے اورجاں بحق ہوگئے دونوں سگے بھائیوں کی شناخت عبد الوہاب اور محکم الدین کے ناموں سے ہوئی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی کورنگی صنعتی ایریا میں واقع میڈی پلس کمپنی کے ملازم اور میمن گوٹھ کے رہائشی تھے۔دونوں بھائی نائٹ شفٹ میں ڈیوٹی کرکے گھر واپس جارہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے ،پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا،جس کی تلاش جاری ہے۔حادثے میں جاں بحق اورزخمیوں کوجناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔شدید زخمیوں میں 27 سالہ محمد علی ولد محمد سعید عمر، 19 سالہ مظہر ولد اعجاز عمرشامل ہیں۔ باغ کورنگی کوسٹرحادثہ کا شدید زخمی 34 سالہ افضل علی ولد مقصود علی جناح اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد تین ہوگئی۔