سندھ ہائیکورٹ: کراچی سے15دن میں تمام بل بورڈز اور پوسٹرزہٹانے کا حکم

کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے شہر سے 15 دن میں تمام بل بورڈز، بینرز اور پوسٹرز ہٹانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں عوامی مقامات پر لگائے گئے بل بورڈز پر پابندی کے کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ سپریم کورٹ نے 2016 میں بل بورڈز پر پابندی کا فیصلہ دیا تھا، لیکن پابندی کے باوجود پبلک مقامات پر بل بورڈز لگائے جارہے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق اہم فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ 15 دن کے اندر شہر میں لگے تمام بل بورڈز بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جائیں۔

عدالت نے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو کو عدالتی حکم پرعملدرآمد کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ مئیر کراچی اور ڈپٹی کمشنرزعوامی مقامات سے بل بورڈز ہٹوا دیں، جب کہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو ایس ایس پیز کے ذریعےعدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں۔

عدالت نے پولیس کو بل بورڈز لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں، اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کراکرتفصیلی رپورٹ پیش کریں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔