جامعہ کراچی : مالی مشکلات کا شکار طلبہ بھی داخلہ فارم جمع کرا سکیں گے

کراچی : انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ایسے طلبا و طالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں وہ دو تا چار جنوری 2024ء صبح 10 تا شام 4 بجے تک جمنازیم ہال جامعہ کراچی میں واقع اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ کے کائونٹر سے فارم حاصل کرکے جمع کراسکتے ہیں۔ ایسے طلبہ جو اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں وہ فارم کے ساتھ والد/ سربراہ کے ذرائع آمدن کے سرٹیفیکٹ، دیگر متعلقہ دستاویزات، طالبعلم ،والد/ سرپرست کی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی ،ب فارم کی فوٹوکاپی اور گزشتہ ماہ کے یوٹیلیٹی بلز جس میں بجلی، گیس، پانی، ٹیلی فون و دیگر شامل ہیں منسلک کریں۔

ڈاکٹر صائمہ اختر نے بتایا کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی خصوصی ہدایت ہے کہ حصول علم کے خواہشمند طلبا و طالبات کا محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیمی سال ضائع نہیں ہونا چاہیئے اور مذکورہ فنڈ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ایسے طلباوطالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں ان کی داخلہ فیس مذکورہ فنڈ سے فراہم کی جائے گی۔