کراچی: تین ہٹی پل کے نیچےخوفناک آتشزدگی،100 سے زائد جھونپڑیاں خاکستر

کراچی : تین ہٹی پل کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے سے 100 زائد جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں، فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ4 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا، آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ سے 100 سے زائد جھگیاں جل گئیں، جلنے والی جھگیوں کے ملبے میں کسی فرد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جھگیوں میں سے تمام افراد کو با حفاظت نکال لیا گیا ہے۔