شاداب خان کی جلد شادی کیسے ہوئی؟

لاہور ( اُمت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر شاداب خان نے اپنی جلد شادی ہونے کی حقیقت بیان کردی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں شاداب نے چٹ منگنی اور شادی کا قصہ بتاتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2022 میں بگ بیش کھیل رہا تھا جس دوران میں انجرڈ ہوگیا اور یہی وجہ تھی کہ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئندہ ہونے والی سیریز میں نہیں جاسکا تھا،اس وقت میرے سسر ثقلین مشتاق کا نیا گھر بنا تو انہوں نے میری فیملی کو اپنے گھر مدعو کیا تھا۔

آل راؤنڈر نے بتایا کہ اس کے بعد ثقی بھائی کے گھر قرآن خوانی میں والدہ نے میر ی بیگم کو دیکھا اور پھر ہمارا رشتہ پکا ہوگیا اور 3 دن میں ہمارا نکاح بھی ہوگیا، شادی کے بعد بھی میں اپنے سسر کو ثقی بھائی اور ساس کو بھابھی ہی بلاتا ہوں۔