کراچی:8 بچوں کی ماں کو شوہر نے قتل کردیا

کراچی(امت نیوز)اسکیم 33 کے علاقے صفورا چورنگی صنوبر ٹاور کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق لطیفہ بی بی کو اس کے شوہر نے گولی مار کر قتل کیا۔مقتولہ سچل گوٹھ کی رہائشی اور8 بچوں کی ماں تھی۔پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے تنازعات چل رہے تھے۔مقتولہ کو جب اس کے شوہر نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اس وقت وہ رکشے میں سوارتھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو 2 گولیاں ماری گئیں۔خاتون کو قتل کرنے کے بعد شوہرفرار ہوگیا جبکہ نامعلوم رکشہ سوار صنوبر ٹاور کے قریب مقتولہ کی لاش کو پھینک کرچلاگیا۔واردات میں 30 بور پستول استعمال کیا گیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔