اسرائیلی فورسز کی غزہ میں بربریت کے 6 ماہ مکمل

 

غزہ (اُمت نیوز)اسرائیلی فورسزکی غزہ میں بربریت کے 6 ماہ مکمل ہوگئے مگر صیہونی فوج کی بمباری رُکی نہ جنگ بندی مذاکرات پر کوئی پیش رفت ہوسکی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 فلسطینی شہید اور 65 زخمی ہوئے۔

غزہ میں قابض اسرائیل فوج کی مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں نہ تھم سکی، مختلف علاقوں سے مزید 45 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔

غزہ میں جنگ سے اب تک 33 ہزار 137 شہید ہوگئے اور 75 ہزار 815 زخمی ہیں۔

شہید ہونے والوں میں 13 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 456 ہوگئی۔

چھ مہینے میں اسرائیل نے غزہ کے مختلف حصوں میں 227 مساجد اور 3 گھرجا گھروں کو تباہ کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صحافیوں کی عالمی تنظیم، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 99 فلسطینی صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد، چار اسرائیلی جبکہ 3 لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل میں ہر نیا دن نیتن یاہو حکومت کو غیر مقبول کرنے لگا، تل ابیب میں ایکبار پھر ہجوم امڈ آیا ،ایک پوسٹر میں نیتن یاہو کو ہٹلر سے تشبیہ دی گئی جبکہ یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی پر وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیاگیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کیلئے حماس کا وفد آج مصر پہنچے گا ۔

امریکی صدر بائیڈن نے قطر اور مصری حکام کے نام خط میں زور دیا ہے کہ حماس کو جنگ بندی کیلئے قائل کیا جائے۔